دبئی ۲۵ جولائی (ایس او نیوز) بھٹکل مسلم جماعت دبئی کے سرگرم رکن اوربھٹکل سے جاری نیوز پورٹل فکر وخبر کے چیف ایڈیٹرمولانا ایس ایم سید ہاشم ندوی سلطان یوتھ ویلفئر اسوسی ایشن (دبئی شاخ) کے صدر منتخب ہوئے ہیں، جبکہ جناب ایس ایم سید محمد افضل اسوسی ایشن کے جنرل سکریٹری منتخب ہوئے ہیں۔ اسوسی ایشن کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق انتظامیہ واراکین عاملہ کا انتخاب 21- جولائی کو دبئی میں وسیم دامدا کی رہائش گاہ پر عمل میں آیا۔ نشست کا آغاز شاذر ایس جے کی تلاوت کلام پاک سے ہوا، جناب ایس ایم افضل نے نشست کی غرض وغایت بیان کرتے ہوئے بتایا کہ بھٹکل کے سلطانی محلہ کے کثیرافراد اور نوجوان دبئی میں مقیم ہیں اور انہیں ایک پلیٹ فارم پرلانے کے لئے نشست کا اہتمام کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ علاقہ کے مسائل حل کرنے اور حسب ضرورت اپنے محلہ کے ضرورت مندوں کو تعاون فراہم کرنے نیزعلاقہ کی مسجد و اسپورٹس سینٹر کی ترقی کے لئے علاقہ کا ایک پلیٹ فارم ہونا ضروری ہے اور اسی مقصد کے تحت دبئی میں سلطان یوتھ ویلفئر اسوسی ایشن کی دبئی شاخ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔
انتظامیہ وعاملہ اراکین کی تشکیل شاذر ایس جے کی صدارت میں انجام دی گئی ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شاذر ایس جے نے بتایا کہ بھٹکل میں سلطان یوتھ ویلفیر ایسوسی ایشن کا شمار ان قدیم اداروں میں ہوتا ہے جو تقریبا چار دہائیوں سے اپنی خدمات انجام دے رہا ہے ان کے مطابق شھر کے اکثر سربر آوردہ شخصیات اسی محلے میں پلی بڑھی ہے اور سلطان محلہ کے اکثر لوگ قومی و ملی خدمات میں ہمیشہ آگے رہے ہیں، آگے بتایا کہ گذرتے ایام کے ساتھ شہر کے حدود بڑھتے گئے اور افراد پھیلتے گئے، ساتھ ہی خلیج کا دروازہ کھلنے کے بعد بہت سے افراد ذریعہ معاش کے لئے دبئی اور دیگر شہروں کی طرف رخت سفراختیار کیا اوراپنے قومی اداروں سے وابستگی کے لئے خلیج میں بھی جماعتیں اور کچھ اسپوڑس سینٹرقائم کئے۔ اس میں ایک نیا نام اب سلطان یوتھ ویلفیرایسوسی ایشن کا بھی جڑ گیا ہے جس کی دبئی شاخ کا وجود اب عمل میں آیا ہے۔
16 جولائی کومنعقدہ اہم نشست میں جن عہدیداران کا انتخاب عمل میں آیا ہے، اُس کی مکمل تفصیل اس طرح ہے:
صدر : مولانا ایس ایم سید محمد ھاشم ندوی
نائب صدر : جناب مصطفی عسکری
جنرل سکریٹری: جناب ایس ایم سید محمد افضل
سکریٹری: جناب شاذر ایس جے
معاون سکریٹری: جناب شاداب عسکری
محاسب : جناب وسیم دامدا
خازن : جناب ایس ایم سید محمد ابراھیم
اس کے علاوہ چار افراد پر مشتمل عاملہ اراکین کا انتخاب بھی عمل میں آیا ہے۔ جن کے نام اس طرح ہیں
1-جناب سالم حسن قاضیا ، 2- جناب ایس ایم سید عبد الرافع، 3-جناب ایس ایم سید عبد الحمید، 4-جناب مولوی محمد مشھود سعدا
بتایا گیا ہے کہ تمام عہدیداران واراکین کا انتخاب بالاتفاق رائے عمل میں آیا ہے۔
صدرمنتخب ہونے کے فوری بعد اپنے تاثرات پیش کرتے ہوئے مولاناایس ایم سیدھاشم ندوی نے ایک اہم نکتہ پر زور دیتے ہوئے بتایا کہ ہمیں حاکمانہ اسلوب کے بجائے حکیمانہ اسلوب کو ترجیح دینا چاہیئے۔ مولانا موصوف کی ہی دعا پر نشست برخواست ہوئی۔ آخر میں تواضع کا انتظام کیا گیا تھا۔